لکھنؤ24 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی اتحاد کے ایک امیدوار کے انتخاب ہارنے کے بعد آج ایس پی ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے راجیہ سبھا جیت کے جشن کے پروگرام کو ملتوی کر دیا گیا۔ آج ایس پی ہیڈ کوارٹر پر راجیہ سبھا میں فتح کے بعد ایک تقریب کا اہتمام ہونا تھا جس میں پارٹی صدر اکھلیش یادو سمیت تمام بڑے لیڈروں کو حصہ لینا تھا۔ راجیہ سبھا انتخابات میں ایس پی امیدوار جیا بچن تو جیت گئیں لیکن ایس پی کی حمایت یافتہ بی ایس پی امیدوار بھیم راؤ امبیڈکر ہار گئے۔ اس کے بعد یہ تقریب ملتوی کر دی گئی ۔ سماج وادی پارٹی کے ترجمان نے بتایا یا کہ آج پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جانا تھا جس میں دونوں جماعتوں کے جیتے ہوئے امیدواروں کو شامل ہونا تھا لیکن چونکہ ہماری حلیف جماعت بی ایس پی کا امیدوار الیکشن ہار گیا اس لیے اب اس تقریب کا کوئی جواز نہیں ہے اسی لیے یہ پروگرام ملتوی کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہمار ی حلیف جماعت بی ایس پی کے امیدوار بھیم راؤ امبیڈکر الیکشن جیت جاتے لیکن حکمراں پارٹی نے پیسے اور اقتدار کا غلط استعمال کرکے اپنے نویں امیدوار کو انتخابات جتا لیا۔ اس سے پہلے بی ایس پی کے سیکرٹری جنرل ستیش مشرا نے بھی کچھ ایسا ہی الزام حکمران بی جے پی پر لگایا تھا کہ راجیہ سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اقتدار کا غلط استعمال کیا ہے ،واضح ہو کہ اس سے قبل بھی کراس ووٹنگ اور خرید وفرو خت کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا ۔